بھٹکل 4 اکتوبر (ایس او نیوز) انڈین نوائط فورم کے زیراہتمام اور بھٹکل مسلم جماعت کیرالہ کے تعاون سے پڑوسی ریاست کیرالہ کے وائناڈ میں بھٹکلی طلبہ کے لئے منعقدہ چار روزہ لیڈرشپ کیمپ آج منگل کو کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ بھٹکل انجمن کالج کے 18 طلبہ، بینگلور میں زیرتعلیم 14، مینگلور سے 4 اور چینائی سے ایک طالب علم سمیت جملہ 37 اسٹوڈینٹس نے کیمپ سے بھرپور استفادہ کیا۔
بھٹکل کے فریش گرائجویٹ اور پروفیشنلس کے لئے منعقدہ اس کیمپ میں ایڈوکیٹ دنیش اے، راشد غزالی اور سہیل بابو نے کلاسس لیں اورطلبہ میں لیڈرشپ کوالٹی پیدا کرنے طلبہ سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کامیابی کے گُر بیان کئے۔ ساتھ ساتھ طلبہ کے اندر پائے جانے والی اسٹیج خوف کو ختم کرنے کی بھی کوشش کی گئی۔
یکم اکتوبر سے 4۔اکتوبر تک چلائے گئے اس کیمپ کا اہم موضوع لیڈرشپ رہا۔ ایڈوکیٹ دنیش نے خود آگاہی (self awareness)، حوصلہ افزائی (motivation) اورخود کی ترقی (self development) پرکلاس لی اور طلبہ کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے بھی مکمل جانکاری فراہم کیں۔ معروف کارپوریٹ ٹرینر اور سائن انسٹی ٹیوٹ آف سوشل لیڈر شپ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرراشد غزالی نے انتہائی موثر لوگوں کی 7 عادات پر طلبہ کی توجہ مبذول کرائی۔ معروف پرسنل ڈیولپمنٹ کوچ مسٹر سہیل بابونے آؤٹ باؤنڈ ٹریننگ فراہم کیں۔ بھٹکل کے لیکچرر یاسین محتشم نے اپنے سیشن میں طلبہ کواچھے اخلاق اور ڈسپلن کے ساتھ آگے بڑھنے اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے پر زو دیا۔
پروگرام کا افتتاح کیرالہ کے وزیربرائے بندرگاہ احمد دیورکویل کے ہاتھوں ہوا تھا جبکہ اختتامی نشست میں مدرسہ سے فارغ ہوکریوپی ایس سی کا امتحان کریک کرنے والے آئی اے ایس آفسر شاہد تیروولّور کے سیشن سے ہوا۔ ٹیم بلڈنگ لیڈرشپ، پبلک اسپیکنگ سمیت طلبہ کو تجرباتی لرننگ کے ذریعے سمجھایا گیا کہ کوئی بھی کام شروع کرنے کے بعد اُس پر کس طرح مسلسل محنت کرکے کامیابی حاصل کرنی ہے۔ آئی اے ایس آفسر شاہد تیروویلّور نے اپنے تجربات طلبہ کے سامنے پیش کئے کہ ان کو UPSC امتحان کریک کرنے کے لئے کس طرح کی محنت کرنی پڑی اور کہا کہ کسی بھی حال میں ہمت نہیں ہارنی ہے اور مسلسل محنت کرنے سے ہی کامیابی یقینی ہے۔

فجر کی نماز کے بعد 6:30 بجے ورزش کرائی گئی، پھر ناشتے کے بعد 9:30 بجے سیشن کی شروعات ہوتی تھی اور شام 6:00 بجے مغرب کی آذان تک ٹریننگ جاری رہتی تھی۔
بتاتے چلیں کہ جس طرح گلف کی مختلف جماعتوں پربھٹکل مسلم خلیج کونسل کے نام سے مشترکہ پلیٹ فارم قائم کیا گیا ہے، اُسی طرز پرانڈین نوائط فورم۔ بھٹکل کے باہر(اندرون ہند) مختلف ریاستوں اورشہروں میں قائم بھٹکلی جماعتوں کا ایک مشترکہ پلیٹ فارم ہے۔ انڈین نوائط فورم (آئی این ایف) کے تحت اندرون ہند کی آٹھ بھٹکلی جماعتیں ہیں۔
لیڈرشپ کیمپ کا آغاز یکم اکتوبر کو صبح 9:30 بجے انجمن پی یو کالج پرنسپال یوسف کولا کی تلاوت کلام پاک سے ہوا تھا، آئی این ایف کے صدرعبدالمجید جوکاکو نے استقبالیہ کلمات کے ساتھ پروگرام کی صدارت کی تھی۔ کیمپ کا افتتاح کرتے ہوئےمہمان خصوصی کے طور پر تشریف فرما وزیر برائے بندرگاہ، میوزیم اور ارکیالوجی مسٹر احمد دیورکوئیل نےبارش سے بے گھر ہونے والوں کے لئے وائناڈ میں بی ایم جے (بھٹکل مسلم جماعت) ولیج قائم کرنے پربھٹکل والوں کی ستائش کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر بی ایم جے ولیج کے ہونہار اسٹوڈینٹس کوبیسٹ اسٹوڈینٹس کے خطاب کے ساتھ انعامات سے نوازا گیا جبکہ آخر میں بی ایم جے کیرالہ کے صدر ابراہیم مصباح نے شکریہ ادا کیا۔